مینگلور 8 نومبر (ایس او نیوز) یہاں سے قریب 28 کلو میٹر دور بنٹوال میں ایک شخص اُس وقت ہلاک ہوگیا جب اُس کے جسم پر ہی ناریل کا درخت گرگیا۔ مہلوک کی شناخت پیرلاپو کے رہائشی سُریش (38) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بوجنگی شٹی کے مکان کے باغ میں ناریل کا درخت نکالنے کے لئے لکشمن نامی ساتھی مزدور کے ساتھ سُریش بھی گیا تھا، جس کے دوران یہ واردات پیش آئی۔
بتایا گیا ہے اتوار دوپہر کو ناریل کا ایک درخت نکالا جارہا تھا، متعلقہ درخت نیچے گرنے کے فوراً بعد اچانک قریب میں ہی واقع ایک سوکھا ناریل کا درخت سیدھے سُریش کے جسم پر گرپڑا۔ سُریش کو فوراً شدیدزخمی حالت میں قریبی اسپتال لےجایا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔ مہلوک کو بیوی اور ددو بچے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی بنٹوال مضافاتی پولس جائے وقوع پر پہنچی اور جائزہ لینے کےبعدمعاملہ درج کرلیا۔